آکلینڈ: چیمپئنز ٹرافی کے پہلے مرحلے میں ایونٹ سے باہر ہونے والی نیوزی لینڈ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز لیوک رونچی نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 36 سالہ لیوک رونچی نے کیویز ٹیم کی جانب سے 4 ٹیسٹ، 85 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمائندگی کی۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر 319، ون ڈے میں ایک ہزار 397 اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں 359 رنز بنائے۔
لیوک رونچی نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف اپنے کیرئیر کی سب سے شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 99 گیندوں پر ناقابل شکست 170 رنز بنائے۔ رونچی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2 نصف سنچریاں، ون ڈے میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک نصف سنچری اسکور کی۔
لیوک رونچی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور ایک میچ میں 88 اور 31 رنز بنائے۔ یہ وہی میچ تھا جس میں نیوزی لینڈ کو انگلش سرزمین پر اب تک کھیلے جانے والے مجموعی 54 میچز میں پانچویں بڑی کامیابی ملی۔
لیوک رونچی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2008 اور 2009 میں 4 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کینگروز ٹیم کی نمائندگی کی جس کے بعد 2013 میں واپس اپنے آبائی ملک منتقل ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں