مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں نے مزید چار کشمیریوں کو شہید کر دیا

01:23 PM, 22 Jun, 2017

سری نگر: میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے ضلع کے علاقہ کاک پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک مکان کو بارود کے دھماکے سے تباہ کر دیا۔ تباہ شدہ مکان کے ملبے سے عبدالمجید، شارق احمد اور ارشاد احمد نامی نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ فوجیوں نے نوجوانوں کی شہادت پر کاک پورہ میں مظاہرے کرنے والوں پر فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا میجر زخمی ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ روز ضلع بارہمولہ کے علاقہ پانز پورہ رفیع آباد میں تلاشی آپریشن کے دوران دو نوجوانوں گلزار احمد اور باسط احمد کو شہید کر دیا تھا۔

علاوہ ازیں نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ قابض فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں سوپور اور پٹن کے علاقوں میں شہید گلزار احمد لون اور باسط احمد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ان دو نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز ضلع بارہمولہ کے علاقے پزل پورہ رفیع آباد میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کر دیا تھا۔ گلزار احمد کا تعلق سوپور کے علاقے گنڈ براٹھ سے تھا جہاں ہزاروں لوگ ان کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

شہید کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ باسط احمد کی نماز جنازہ میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہیں اپنے آبائی علاقے پٹن اندر گام میں سپرد خاک کیا گیا۔ بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ یہ دونوں نوجوان مجاہد تھے جو ایک جھڑپ میں مارے گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں