اسلام آباد: ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے ایک کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔ اے ایس ایف حکام نے بتایا کہ ہیروئن برآمد ہونے کے بعد تفتیش کے لیے مسافر کو انسداد منشیات فورس کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام نے برآمد کی گئی آئس ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی ہے۔ انسداد منشیات فورس حکام کے مطابق مسافر سعید شاہ کے سامان سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے جو امیگریشن کاؤنٹر پر مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران برآمد ہوئی۔ مسافر سعید شاہ نجی ایئرلائن کی پرواز جی ایف 771 سے بحرین جانے والا تھا اور اس کا تعلق مردان سے بتایا گیا ہے۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافر کے خلاف منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزم کو تھانہ اے این ایف راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
دو روز قبل بھی اے ایس ایف نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسقط کے راستے سعودی عرب جانے والی خاتون سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ مئی کے دوران قومی ایئرلائن کی پروازوں سے منشیات کی برآمدگی کے مختلف واقعات سامنے آ چکے ہیں جس کے بعد ایئر پورٹس پر پرواز کی روانگی سے قبل چیکنگ کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں