اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کاکہنا ہےکہ رؤف حسن کی رہائی کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے،دفتر پر چھاپے کے بعد ہمارے 10 ورکرز لاپتہ ہیں۔ تحریک انصاف نے رئوف حسن کی گرفتاری پر قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ رؤف حسن کی رہائی کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے،دفتر پر چھاپے کے بعد ہمارے 10 ورکرز لاپتہ ہیں۔ ان کامزید کہنا تھا کہ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس چھاپے کا ہدف ہمارے ایم این ایز کے پارٹی وابستگی کے حلف نامے تھے۔
ہم رئوف حسن کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں، تمام تر اقدامات کے باوجود 3 کروڑ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتی ہے۔
آپریشن عزم استحکام سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کہا جو آپریشن کیا جارہا اس پر ہمیں بریف کیا جائے، ہمیں آج تک بریفنگ نہیں دی گئی۔بیرسٹرگوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ضرور عمل درآمد ہوگا، ہم نہیں چاہتے کہ ہماری فوج کمزور ہو۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ لندن پلان کے بعد معیشت کے پرخچے اڑ گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کسانوں سے خریدنے کے بجائے درآمد کی گئی، پنجاب کے کاشتکاروں کی خون پیسے کی کمائی چھینی گئی۔عمرایوب نے کہا کہ 500 ارب کا پیٹرول ایران سے سمگل ہو کر پاکستان آتا ہے۔کون سی مخلوق پیٹرول پاکستان لاتی ہے.
انہوں نے مزید کہاکہ کیا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارڈر پر پٹواری ڈیوٹی دیتے ہیں، ایران سے 550 ارب روپے کی پیٹرول کی سمگلنگ ہوتی ہے، تو بتائے بارڈر پر ڈیوٹی کون دیتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کیوں اور کیسے سمگل ہو رہی ہیں؟ منشیات کی سمگلنگ عروج پر ہے، ان کو پکڑیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف گھر سے مہم شروع کریں، ہم ساتھ ہیں، بے نامی اکاؤنٹس کے بارے میں وزیراعظم سے پوچھیں، نیکٹا کو ایف اے ٹی ایف کی وجہ سے بنایا گیا تھا، جبکہ جوڈیشل کمیشن بنا کر بنوں واقعے کی تحقیقات کرائی جائے۔