اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل تبدیلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمئشن کے وکلاء کل دلائل جاری رکھیں گے۔چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ کیا آپ قانون یا اُسکی منشاء کو شکست دے رہے ہیں؟
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ٹریبیونل تبدیلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت شعیب شاہین کے وکیل سجیل شہریار سواتی نے وکالت نامہ واپس لے لیا۔ شعیب شاہین نے کہا وہ کوئٹہ میں مصروف ہیں، میں خود اس حوالے سے دلائل دوں گا، آرڈیننس ایکٹ بن چکا ہے ہم نے اُسے بھی چیلنج کرنا ہے۔
اس دوران پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل کے وکیل فیصل چوہدری نے حکم امتناعی ختم کرنے کی استدعا کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے ایک اہم نکتہ میرے ذہن میں آیا ہے، اُس متعلق الیکشن کمیشن کے وکیل سے پوچھوں گا۔ الیکشن کمیشن نے ٹریبیونل کا جج مقرر کرنے سے پہلے چیف جسٹس ہائیکورٹ سے مشاورت کرنی ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن بعد میں ٹریبیونل خود سے تبدیل کر دے پھر تو تفریق آ گئی، پہلی تقرری کی مشاورت کا مقصد تو پھر ختم ہی ہو گیا، آپ پھر عدلیہ کو تو اِس سے نکال ہی دیتے ہیں، یہ معاملہ دیکھنا ہے۔ الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ کیا آپ قانون یا اُس کی منشاء کو شکست دے رہے ہیں؟
عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر تے ہوئے الیکشن کمیشن وکلاء کل دلائل جاری رکھیں گے۔