کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، بھارت آئے نہ آئے ، پاکستان کو لازمی ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے: عطا تارڑ

کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، بھارت آئے نہ آئے ، پاکستان کو لازمی ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے: عطا تارڑ
سورس: File

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق کہا  کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، بھارت آئے نہ آئے ان کی اپنی مرضی ہے، پاکستان کو سو فیصد ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کے معاملے پرنجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان  کو جنگ کا میدان نہیں بننا  چاہیے، سیاست اور کرکٹ جب بھی مِکس ہوئے تو ملک کی تباہی ہوئی ہے، پاکستان کو آئی سی سی کے فورم پر بھارت پر پریشر رکھنا چاہیے۔ بھارتی ٹیم جب بھی پاکستان آئی تو اسے ماحول اچھا ملا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ  پاکستان  کرکٹ ٹیم بھارتی ٹیم سے بہت بہتر ہے۔بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ ہوتا ہے تو لوگ کہتے ہیں کہ بابر بہترین کھلاڑی ہے، بھارت کے پاس شاہین آفریدی جیسا کوئی فاسٹ بولر نہیں۔  بھارت اور پاکستان کے فاسٹ بولرز کا کوئی مقابلہ نہیں، ماضی میں نیوٹرل وینیو پر جب بھی مقابلہ ہوا تو پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسان مزاری کا خیال ہے کہ پاکستان کو بھارت نہیں جانا چاہیے لیکن یہ ان کا اپنا خیال ہے۔میرا تو خواب ہے کہ پاکستان بھارت کی سرزمین پر ورلڈکپ لفٹ کرے۔ اگر دشمن کو مات دینی ہے تو اس کے ہوم گراؤنڈ پر مات دیں۔ میں چاہتا ہوں بابر اعظم سنچری بنائے اور شاہین آفریدی ویرات کوہلی کو بھارت میں آؤٹ کرے۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی،وزیراعظم کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان اور بھارت کا قریب آنا نظر نہیں آتا۔

مصنف کے بارے میں