لاہور ایک بار پھر ڈوب گیا، واسا لاہور نےبارش کا ریکارڈ جاری کر دیا

لاہور ایک بار پھر ڈوب گیا، واسا لاہور نےبارش کا ریکارڈ جاری کر دیا
سورس: File

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری۔موسلادھار بارش نے لاہور ایک ماہ میں دوسری بار ڈبو دیا۔ واسا لاہور کی طرف سے اب تک کا بارش کا ریکارڈ جاری کر دیا گیا۔  اب تک سب سے زیادہ بارش 203ملی میٹر تک گلشن راوی میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

مون سون کے دوسرے دھواں دھار اسپیل نے لاہور کا نقشہ بگاڑ دیا، مختلف علاقوں میں بادل جم کر برسے تو جل تھل ایک ہوگیا۔نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

واسا لاہور کی طرف سے جاری کردہ اب تک کے بارش کے ریکارڈ کے مطابق اب تک جیل روڈ پر 111ملی میٹر، ایئرپورٹ 202ملی میٹر،  ہیڈ آفس گلبرگ 113لکشمی چوک 181اپر مال 128مغلپورہ 167 تاجپورہ 198 نشتر ٹاون  195چوک نا خدا126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔

 اس کے علاوہ پانی والا تالاب 176فرخ آباد 161 گلشن راوی  203اقبال ٹاون  162 سمن آباد 103جوہر ٹاون 185ملی میٹر قرطبہ چوک 174 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔



شہر کی بیشتر شاہراہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں، شاہدرہ، ٹمبر مارکیٹ، لاری اڈا، سبزی منڈی، نیپئر چوک، قرطبہ چوک، اچھرہ اور فرخ آباد کی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ والٹن روڈ، لارنس روڈ، جین مندرچوک، چوبر جی، ٹولنٹن مارکیٹ، مزنگ، جیل روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت شہر کی بیشتر سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

مختلف شاہراہیں پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے متعدد موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں پھنس گئیں، جس سے شہریوں کو منزل تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔


موسلا دھار بارش سے لاہور کا جنرل اسپتال بھی  ایک بار پھر ڈوب گیا۔ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے متعدد ڈیپارٹمنٹ زیر آب آگئے۔جنرل اسپتال کے بلڈ بینک ، ٹی بی وارڈ، پلاسٹک سرجری وارڈ اور اسکن وارڈ میں پانی داخل ہو گیا۔آپریشن تھیٹر میں بارش کا پانی داخل ہونے سے متعدد آپریشن ملتوی ہوگئے۔ اسپتال میں نکاسی آب نہ ہونے سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

رائے ونڈ شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے سے بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔

بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، لیسکو کے ستر سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے وسیع علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

مصنف کے بارے میں