اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی بم گرا دیا۔بجلی کی فی یونٹ قیمت 7 روپے 50 پیسے تک مہنگی کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف 3 سے ساڑھے 7 روپے تک فی یونٹ بڑھا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے بنیادی ٹیرف بڑھانے کیلئے سرکولیشن سمری منظور کرلی، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز ہے۔
نیپرا رواں مالی سال کیلئے بجلی کا ٹیرف بڑھانے کی منظوری دے چکا ہے جبکہ حکومت نے بنیادی قیمت مزید بڑھانے کیلئے درخواست نیپرا کو دے دی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دے گا۔
حکومت نیپرا کے فیصلے کے بعد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 3 ہزار 495 ارب کا بوجھ پڑے گا۔
وزیرخزانہ نے کل ہی قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اب عوام پر ایک روپے کا بھی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
حالیہ اضافے کی صورت میں بجلی کا فی یونٹ ٹیکسز ملا کر 55روپے سے بھی بڑھ جائے گا۔