لاہور : وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان دو دن کی بجائے سات دن لاہور میں رہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ خان صاحب! اب آپ کو برابر جواب ملے گا۔ عمران خان ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہے۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل نیوز کانفرنس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سیاست کے میدان میں عمران خان کا مقابلہ کریں گے۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کا فیصلہ فوری طور پر سنایا جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم ملک بچاتے رہ گئے تو ہمیں الیکشن میں دھکیل دیا گیا گیا۔ عمران خان کا گند صاف کرتے رہے جس کی وجہ سے ضمنی انتخاب میں شکست ہوئی۔ عمران خان پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے ہیں۔ یہ شخص بھروسے کے قابل نہیں ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 63 اے پر ریویو پٹیشن پر فوری سماعت کی جائے ۔ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ کیا اسٹیبلشمنٹ کو نیوٹرل نہیں رہنا چاہیے۔ ادارے نیوٹرل ہیں تو انہیں نیوٹرل ہی رہنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج اہم دن ہے ، ہم اور اتحادی میدان میں ہیں بھاگے نہیں۔ گمراہی پھیلانے والے عمران خان کو ان کے جرائم کی سزا ضرور ملے گی۔