لاہور: آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور چیف سیکرٹری کامران افضل نے کام سے معذرت کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی پنجاب کے لئے اے ڈی خواجہ ، فیصل شاہکار اور انعام غنی کے نام سامنے آگئے ہیں ۔ جبکہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لئے مختلف ناموں پر غور جاری ہے ۔
یاد رہے کہ ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد پہلے ہی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان بیوروکریسی کے خلاف پھٹ پڑے تھے ۔ اور حمزہ شہباز کے دور میں انتقامی اور غیر قانونی کارروائیوں پر چیف سیکرٹری اور آئی جی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا تھا ۔ ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی ایوان کی توہین ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
اس موقع پر سابق وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد حمزہ شہباز کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں مگر آج بھی وہ سی ایم ہاؤس کے ساتھ چپکے ہوئے ہیں ، حمزہ کی نامزدگی کے ساتھ ہی آئی جی اور چیف سیکرٹری دم کی طرح حمزہ شہباز کے پیچھے ہیں آج بھی اسمبلی کے اجلاس میں بیوروکریسی غائب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تین دن میں بیوروکریسی نے حمزہ کا کوئی بڑا فیصلہ مانا تو اُن کا بھی بندوبست کریں گے ۔