یاسین ملک پر بھارتی حکومت کے مظالم کشمیریوں کی آواز دبانے کا مذموم ایجنڈا ہے: وزیراعظم

11:48 AM, 22 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک پر بھارتی حکومت کے مظالم کشمیریوں کی آواز دبانے کا مذموم ایجنڈا ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت کیسز اور جعلی مقدموں کے ذریعے بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ۔ سیاسی کارکنوں کے حقوق کی پامالی ، انسانی حقوق کے تحفظ کے علمبرداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

دوسری جانب ، وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی وائٹ ہاؤس میں امریکی ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ ونڈی شرمن سے ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گفتگو ہوئی ، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے واقعات پر بھی بات چیت ہوئی ۔

دونوں رہنماؤں کا پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ، ملاقات میں پاک امریکا تجارت کو بڑھانے کے مواقع پر غور کیا گیا ۔ ملاقات میں امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان بھی شریک ہوئے ۔

مزیدخبریں