انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

06:15 PM, 22 Jul, 2021

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے جس میں 1 لاکھ سے زائد طلبا شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ 26 جولائی سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

 ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق 1 لاکھ 12 ہزار 6 سو طلبا امتحان میں شریک ہوں گے جن کے لیے 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

صبح کی شفٹ میں سائنس جبکہ شام میں آرٹس اینڈ کامرس گروپ کا امتحان لیا جائے گا، سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات
ہوں گے جس میں تقریباً 55 ہزار 443 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

کامرس ریگولر، کامرس پرائیوٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیوٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے 57 ہزار 157 امیدوار شرکت کریں گے۔

114 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 امتحانی مراکز شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

انٹر بورڈ کے مطابق سالانہ امتحانات برائے 2021 میں پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر سوالات کے جوابات اور 20 فیصد تفصیلی سوالات کے جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

مزیدخبریں