مبینہ ویڈیو اسکینڈل، ملزم طارق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

02:22 PM, 22 Jul, 2019

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو بنانے کے الزام میں گرفتار ملزم میاں طارق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ ویڈیو اسکینڈل میں گرفتار مرکزی ملزم میاں طارق کو عدالت پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

ملزم میاں طارق نے کہا کہ مجھے برین ٹیومر ہے اور جیل جا کر مر جاؤں گا جس پر عدالت نے میاں طارق کو جیل میں تمام میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیس کی تحقیقات میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔

ایف آئی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ میاں طارق کے دونوں گھروں کی تلاشی لی گئی۔ گھروں میں تلاشی کے دوران گاڑی برآمد کی گئی، ڈیجیٹل کیمرے، ڈی وی آر کیمرے، یو ایس بی اور 2 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔

میاں طارق نے جج سے کہا کہ میرے ساتھ جو مار پیٹ ہوئی تھی اس پر کیا کارروائی ہوئی جس پر جج شائستہ کنڈی نے کہا میڈیکل رپورٹ میں مار پیٹ کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

ملزم میاں طارق نے کہا کہ میری جان کو بہت خطرہ ہے اور مجھے جیل میں مار دیا جائے گا۔ جج شائستہ کنڈی نے کہا کہ جیل میں کسی کو نہیں مارتے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو مکمل طبی سہولیات دینے کا لکھ رہی ہوں۔

عدالت نے ملزم میاں طارق کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے انہیں 5 اگست کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں