زندگی میں کئی غلطیاں کیں، ریحام سے شادی سب سے بڑی غلطی تھی: عمران خان

07:48 PM, 22 Jul, 2018

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سابقہ اہلیہ ریحام خان سے شادی کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے پہلے ریحام کے بارے میں کچھ نہیں کہا، زندگی میں کئی غلطیاں کیں، ریحام سے شادی سب سے بڑی غلطی تھی۔ تیسری شادی سے پہلے بشریٰ بی بی کا چہرہ تک نہیں دیکھا تھا، ان کو دیکھے بغیر ہی رشتہ بھیجا، صرف ایک پرانی تصویر دیکھ رکھی تھی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب بھی ملاقات ہوئی بشریٰ بی بی کے چہرے پر نقاب ہوتا تھا، شادی کے بعد جب ان کو دیکھا تو مایوسی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ خوش اور مطمئن ہیں اور ان کی ذہانت اور کردار کی بہت عزت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوفیانہ طرز عمل میں بشریٰ بی بی کو دوسروں سے بلند پایا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کی تصدیق کی تھی تاہم اس حوالے چہ مگوئیاں اکتوبر 2014 سے ہی جاری تھیں۔ تاہم چند ماہ بعد ہی اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں اور بالآخر 30 اکتوبر 2015 میں عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دینے کی تصدیق کردی۔

مزیدخبریں