باکو: آذربائیجان کے255 صحافیوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی ،حکومت نے ان کی خدمات کے صلے میں انکوفلیٹس دے دئیے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق 22 جولائی کو منائے جانے والے نیشنل پریس ڈے کے موقعے پر حکومت نے 255 صحافیوں کو ان کی خدمات کے صلے میں فلیٹس دیے ہیں۔آذربائیجان میں نیشنل پریس ڈے 22 جولائی کو اس لیے منایا جاتا ہے کہ سنہ 1875 میں اسی روز آذربائیجانی زبان کا پہلا اخبار 'آکنجا' شائع ہوا تھا۔
نیشنل پریس ڈے کے موقعے پر صدر نے بات کرتے ہوئے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 'سرکاری اہلکاروں کو معلوم ہے کہ اظہار رائے کی آزادی اور میڈیا ان کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ ان کے کام میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی ہو۔ اسی لیے صحافی ہمارے مددگار ہیں اور میں ان کا ممنون ہوں۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ صحافیوں کو نوازا گیا ہے۔ اس سے پہلے 2013میں بھی حکومت نے صحافیوں کو فلیٹس دئیے تھے ۔
خیا ل رہے کہ آذربائیجان کے سابق صدر حیدر آلیا نے نیشنل پریس ڈے 2010 میں منانا شروع کیا تھا۔ رواں سال ان کے بیٹے اور موجودہ صدر الہم آلیا نے اس دن صحافیوں کو مفت فلیٹس دینے کا اعلان کیا ہے ۔