ظفر حجازی 4 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

03:48 PM, 22 Jul, 2017

 اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے چیئرمین ظفر حجازی کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی کی جانب سے مقامی عدالت کو ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی کا دس روزہ ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ کیس کی سماعت سینئر سول جج محمد شبیر نے کی جس میں اپنے دلائل کے دوران ظفر حجازی کے وکیل نے اپنے موکل کو دس روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ تک انکوائری ہو چکی اب مزید ریمانڈ کی کیوں ضرورت پڑ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے موکل کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں جبکہ کل سے ظفر حجازی کی شوگر ہائی اور انہیں گردوں کا بھی مسئلہ ہے۔ ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت کو واضح کیا کہ ان کے موکل کو ایمبولینس کے ذریعے پمز ہسپتال سے عدالت لایا گیا جس کی گواہی پمز کی ایک ڈاکٹر نے عدالت میں دی۔

سینئر سول جج محمد شبیر نے پمز ہسپتال سے ظفر حجازی کی میڈیکل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ پڑھنے کے بعد ہی ریمانڈ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم محمد بشیر نے ظفر حجازی کی میڈیکل رپورٹ پڑھنے کے بعد انہیں صحت یاب قرار دے کر چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں