وزیراعظم صاحبزادی کے ہمراہ مری پہنچ گئے، وزرا کو بھی بلا لیا

02:54 PM, 22 Jul, 2017

اسلام آباد: پاناما کی گرما گرمی مری کے ٹھنڈے ٹھار موسم میں پہنچ گئی۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ملکہ کوہسار پہنچ گئے۔ پاناما کیس پر مشاورت کے لیے مری میں بھی شام کو بیٹھک لگے گی کیونکہ وزیراعظم نے شاہد خان عباسی، خواجہ آصف، اسحاق ڈار سمیت دیگر وزرا کو بھی مری بلا لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ممنون حسین بھی تھوڑی دیر بعد مری کے لیے روانہ ہوں گے۔ شام کو صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان بھی ملاقات ہو گی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ مری میں پاناما کیس کا فیصلہ خلاف آنے پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا اور پلان بی پر حتمی مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی مسلسل پانچویں سماعت ہوئی اور فریقین کے وکلا کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد تین رکنی بینچ نے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جس کو بعد میں سُنائے جانے کا اعلان کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں