راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خیبر فور میں پاک فوج کو سب سے بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ پاک فوج نے پاک افغان بارڈر کے قریب مشکل ترین علاقے کی اہم چوٹی کو دہشتگردوں سے خالی کرا لیا۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج اور ایس ایس جی نے مشکل ترین علاقے میں شاندار آپریشن کرتے ہوئے اہم چوٹی برخ محمد کنڈاؤ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ آپریشن میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی سرنگیں قبضے میں لے لی گئیں۔
گزشتہ دنوں پاک فوج نے وادی شوال اور راجگال میں کارروائی کی تھی جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک اور 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس کارروائی میں دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عبدالجبار بھی شہید ہو گئے تھے۔
واضح رہے رواں ماہ پاک فوج نے داعش کے خدشات سے نمٹنے اور قبائلی علاقہ جات میں مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے وادی شوال اور راجگال میں نئے آپریشن کا آغاز کیا جس کو ’ خیبر فور‘ کا نام دیا گیا جو ’ردالفساد‘ کا حصہ ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں