اسلام آباد :چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )ظفر حجازی کو ایف آئی اے کی ٹیم آج ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کریگی ۔
چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے پر گرفتار چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو آج ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں انکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ۔چیئرمین ظفر حجازی کو گزشتہ روز سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے درخواست ضمانت منسوخ ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا ۔
ان پر چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا الزام تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ انکے خلاف مقدمہ درج کرایا جا ئے ، سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے ظفر حجازی پر سرکاری ریکارڈ میں جعل سازی کی دفعات پر مشتمل مقدمہ درج کیا تھا جس پر انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے راہ داری ضمانت حاصل کر رکھی تھی تاہم کل وہ مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنی ضمانت کو مستقل کرانے کیلئے پیش ہوئے تھے جہاں ضمانت منسوخ ہونے پر انہیں گرفتار کر کے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز منتقل کیا گیا تھا ۔
ان کی گرفتاری کے بعد وفاقی حکومت نے طاہر محمود کو قائم مقام چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طاہر محمود نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ظفر حجازی کے خلاف گواہی بھی دی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں