اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 28 جنوری کو تحریری جواب دے گی، تاہم 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے قیام یا عدم قیام پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
حکومتی کمیٹی کے ممبران کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہوا، جہاں پی ٹی آئی کے مطالبات پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے بتایا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے مطالبات پر تفصیلی قانونی مشاورت کی ہے اور اس پر مزید مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 28 جنوری کو تحریری جواب دیا جائے گا، تاہم جوڈیشل کمیشن کے قیام یا عدم قیام کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا۔
حکومتی کمیٹی کے رکن اعجاز الحق نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے خط اور مطالبات پر غور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانونی پہلوؤں پر تفصیل سے کام کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ جلد اس حوالے سے ایک حتمی جواب تیار کیا جائے گا۔