پی ٹی آئی کا مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

06:42 PM, 22 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عمر ایوب نے کہا کہ پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کے قیام تک مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جوڈیشل کمیشن قائم نہیں ہوتا، پی ٹی آئی مذاکرات میں شریک نہیں ہوگی۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ حکومت جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس لیے پی ٹی آئی چوتھے مذاکراتی راؤنڈ میں نہیں بیٹھے گی۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جنوری کو پی ٹی آئی کے ساتھ چوتھا مشترکہ اجلاس ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان تین مذاکراتی دور ہو چکے ہیں، اور پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کیے تھے۔

مزیدخبریں