بھمبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع مل سکیں۔
آزاد کشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکول کا قیام ایک اہم قدم ہے، اور اس سے یہاں کے بچوں کو معیاری تعلیم حاصل ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ملک میں دانش سکول نہ ہوتے تو کئی قابل طلبہ اور طالبات تعلیم سے محروم رہ جاتے۔ دانش سکول لاکھوں بچوں کو تعلیمی میدان میں کامیابی کے راستے پر گامزن کر رہے ہیں، اور پنجاب کے دانش سکولوں کے اکثر طلبہ اعلیٰ نمبروں سے کامیاب ہو کر مختلف شعبوں میں نمایاں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانش سکول کا آغاز نواز شریف کی قیادت میں ہوا تھا اور یہ علم و دانش کے مراکز بن چکے ہیں۔ یہاں کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، اور آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھایا جائے گا تاکہ ہر بچے تک تعلیم کی روشنی پہنچ سکے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی وادی خون سے رنگ چکی ہے، اور وہاں کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کا کشمیر پر موقف بے مثال ہے اور ان کی قیادت میں پاکستان کا عزم اور عہد مضبوط ہے۔
وزیراعظم نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق شرح سود میں کمی کی توقع ہے اور معاشی چیلنجز کم ہو رہے ہیں۔ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے اور قرضوں میں کمی آ رہی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے بھمبر، آزاد کشمیر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس نئے سکول سسٹم میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ کیمپس ہوں گے۔