نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھارتی ٹیم کی جرسی پر آئی سی سی کے منظور شدہ لوگو کے ساتھ میزبان ملک پاکستان کا نام بھی درج ہوگا۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری نے کہا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے احکامات پر مکمل عمل کریں گے، اور چیمپئنز ٹرافی کی جرسی پر میزبان ملک کے طور پر پاکستان کا ذکر ہوگا۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے میزبان ملک پاکستان کا نام جرسی پر چھاپنے پر اعتراض کیا تھا۔
دوسری جانب، آئی سی سی کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پالیسیوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔