قومی اسمبلی کا اجلاس ، آج ایک بار پھر ہنگامہ آرائی ، تحریک انصاف کے اراکین کا بھرپور احتجاج

04:24 PM, 22 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج ایک بار پھر ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی، جب اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اجلاس کی صدارت سپیکر ایاز صادق نے کی، اور جیسے ہی اجلاس کا آغاز ہوا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی درخواست کی۔ تاہم، اسپیکر نے وقفۂ سوالات کے دوران پوائنٹ آف آرڈر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس پر تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاج شروع کر دیا۔

اس احتجاج کے دوران اپوزیشن کے ارکان ایوان میں نعرے بازی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں، جس سے ایوان میں ہلچل مچ گئی۔ سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں طے پایا تھا کہ وقفۂ سوالات کے دوران نکتۂ اعتراض کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وقفۂ سوالات کے دوران وزارتِ داخلہ کے افسران کے جوابات نہ آنے پر اسپیکر نے برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ وزارتِ داخلہ کا کوئی افسر گیلری میں موجود کیوں نہیں ہے۔ بعد ازاں، وزارتِ داخلہ کے افسران اجلاس میں پہنچے، جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ اب آ رہے ہیں؟ ایک افسر نے بتایا کہ وہ نماز پڑھنے گئے تھے۔ اسپیکر نے اس پر کہا کہ اجلاس 2 بجے شروع ہونا تھا، تو آپ کو پہلے نماز پڑھنی چاہیے تھی۔ اس کے بعد اسپیکر نے دونوں افسران کو اپنے دفتر میں بیٹھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جب تک سیشن ختم نہیں ہوتا، آپ یہاں سے نہیں جا سکتے۔

مزیدخبریں