جدید زرعی تعلیم کے حصول کے لیے 300 پاکستانی طلباء و طلبات کا پہلا وفد جون میں چین جائے گا ، وزیراعظم

12:23 PM, 22 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ چین میں پاکستانی طلباء کو زرعی شعبے کی جدید تربیت فراہم کی جائے گی، اور اس کا تمام خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی ،  پاکستان کے 300 زرعی طلباء و طلبات کا  پہلا وفد جون میں چین  جائے گا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں اس منصوبے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے زرعی شعبے میں تربیت کے لیے منتخب طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اہمیت دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور اس کی زرعی ترقی بے مثال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے چینی قیادت سے زرعی شعبے میں جدید تربیت کی درخواست کی تھی اور اس تربیت کا تمام خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 1287 درخواستوں میں سے 711 طلباء و طالبات نے تربیت کے معیار پر پورا اتر کر انتخاب حاصل کیا ہے۔ ان طلباء و طالبات میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے امیدوار بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین میں تربیت حاصل کرنے والے طلباء میں 10 فیصد کوٹہ بلوچستان کے طلباء کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

پہلی کھیپ کے 300 طلباء مارچ 2025 میں چین روانہ ہوں گے جہاں وہ آبپاشی، مویشیوں کی بیماریوں کی تشخیص، جینیاتی تحقیق اور جدید بیجوں کی تیاری میں تربیت حاصل کریں گے۔ دوسری کھیپ میں 400 طلباء کو رواں برس کے وسط میں چین بھیجا جائے گا، جہاں وہ جدید مشینری، فصلوں کی تیزی سے افزائش، اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے بارے میں تربیت حاصل کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں