واشنگٹن : امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنی حلف برداری کے بعد چند گھنٹوں میں بھارت، آسٹریلیا اور جاپان کے وزرا خارجہ سے واشنگٹن میں ملاقات کی، جسے چین کے خلاف امریکا کی پالیسی میں مزید سخت موقف کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں چاروں وزرا خارجہ نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا، تاہم بعد ازاں روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامانیام جے شنکر سمیت کواڈ کے دیگر وزرا سے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔ کواڈ اتحاد، جو 2007 میں قائم کیا گیا تھا، کو چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کے مقابلے میں ایک اہم اتحادی فورس سمجھا جاتا ہے، اور چین اسے ایشین نیٹو کے طور پر دیکھتا ہے۔
یاد رہے کہ مارکو روبیو نے ماضی میں کہا تھا کہ چین امریکا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور ان کی پالیسی اسی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔