اسلام آباد : سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے شوکت عزیز صدیقی کیس میں جواب جمع کرادیا ہے۔ انہوں نے شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے شوکت عزیز صدیقی کیس میں جواب جمع کرادیا۔جواب میں کہا ہے کہ عدلیہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔
جنرل فیض حمید نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ شوکت عزیز صدیقی نے اپنی تقریر اور جوڈیشل کونسل کے سامنے کسی مبینہ ملاقات کا ذکر نہیں کیا۔شوکت عزیز صدیقی سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔ ان سے ملا نہ نواز شریف کی اپیلوں پر بات ہوئی۔ کبھی یہ نہیں کہا کہ ہماری دو سال کی محنت ضائع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شوکت عزیز صدیقی کے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ شوکت عزیز صدیقی کے الزامات بعد میں آنے والے خیالات کے مترادف ہیں۔
سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور کانسی نے بھی جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ۔ جسٹس انور کانسی نے جواب شوکت عزیز صدیقی کیس میں جمع کرایا ۔جسٹس (ر) انور کانسی نے بھی شوکت عزیز صدیقی کے الزامات کو مسترد کر دیا ۔
برگیڈیئر (ر) عرفان رامے نے بھی جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔ عرفان رامے نے بھی شوکت عزیز صدیقی کے الزامات اور ملاقات کی تردید کر دی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ کل شوکت عزیز صدیقی کیس کی سماعت کرے گا۔