کے پی والو! آپ جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے تھے، ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا: نواز شریف 

04:09 PM, 22 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

مانسہرہ : مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کے لیے آیا ہوں۔ کے پی والو! آپ جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے تھے۔ ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا۔ 

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں 2013 کے بعد آج مانسہرہ آیا ہوں، یہاں کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔

انہوں نے جلسے کے شرکا سے دریافت کیا کہ کیا آپ میرے بغیر اداس تھے؟ میں تو آپ سے زیادہ اداس تھا، ان لوگوں نے مجھے آپ سے دور کردیا تھا، مجھے آپ لوگوں کو دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کا جوش دیکھ کر اب کسی کو بولنے کی ہمت نہیں ہوگی، میں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کے لیے آیا ہوں، ملک کے حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 10 سال خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے والوں نےکیا کام کیا؟ کیا انہوں نے خیبرپختونخوا کو نیا پاکستان بنایا؟ جو کہتے ہیں کہ نوازشریف نے خیبر پختونخوا میں کیا بنایا وہ موٹروے جاکر دیکھ لیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں خیبر پختونخوا کو بہترین صوبہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے ساتھ ہی قائد مسلم لیگ (ن) نے حکومت ملنے پر مانسہرہ ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ بھی کرلیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر مجھے نہ نکالاجاتا تو آج مانسہرہ میں ایئرپورٹ اور میٹروبس ہوتی، میری حکومت ہوتی تو مانسہرہ میں کوئی نوجوان بے روزگار نہ ہوتا، ہم نے موٹر وے بنائی اور جب وہ تیار ہوئیں تو میں جیل میں تھا، میرا تو کراچی تک موٹروے بنانے کا منصوبہ تھا مگر وہ سکھر میں ہی رک گیا۔ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی ، ان ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے۔

نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہم اور آپ مل کر خیبر پختون خوا میں حکومت بناتےہیں، میں نے کہا کہ ان کے پاس عددی اکثریت ہم سے زیادہ ہے لہذا حق ان کا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو جواب دیا کہ پہلا حق پی ٹی آئی کا ہے ،، لیکن پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلے جیسا سلوک کیا ،،  نوازشریف نے  کہا  اگر مجھے جیل میں نہ ڈالا جاتا تو ملک ترقی کرتا۔ 

انہوں نے کہا کہ ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا  ۔ بگاڑنے والے بگاڑ کرچلے گئے ، پاکستان کو دوبارہ پٹری پر ڈالنا ہوگا ۔  الیکشن جیت کر کے   پی کو سنوار دیں گے ۔کے پی والو! آپ جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے تھے  ۔ 

مزیدخبریں