اسلام آباد: سینئر سیاستدان اور ن لیگ کی سابق رہنما دانیال عزیز نے لیگی قیادت سے اختلافات اور پی ٹی آئی ٹکٹ سے متعلق خبروں کے بعد حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
ناراض لیگی رہنما دانیال عزیز کو گرفتاری کا خدشہ، دانیال عزیز نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں دانیال عزیز کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے نامعلوم افراد کے خلاف درج مقدمے میں ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ افواہ پھیلائی گئی کہ دانیال عزیز تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ہماری طرف سے اس خبر کی تردید کے باوجود ہمارے کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ متعلقہ عدالت میں پیشی کے لیے حفاظتی، راہداری ضمانت منظور کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ ن لیگ کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے دانیال عزیز نے حلقہ این اے 75 سے آزاد حیثیت سے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ ہفتے شکرگڑھ پولیس اور انتظامیہ نے حلقہ این اے 75 میں دانیال عزیز کا انتخابی جلسہ رکوا دیا ، جسے پولیس نے بند کروا دیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز بغیر اجازت جلسہ کررہے تھے جس کی وجہ سے پروگرام کو روکا گیا ہے۔