عمران خان کی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو 5.37 فیصد جی ڈی پی حاصل کرنے پر مبارکباد 

10:48 PM, 22 Jan, 2022

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین کا ٹیلیفونک رابطہ ہواجس میں وزیراعظم نے وزیر خزانہ شوکت ترین کی خیریت دریافت کی ،وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو تین سالوں میں 5.37 فیصد کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ بلومبرگ اور دی اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کووڈ کے دوران ملازمتوں اور زندگیوں کو بچانے کے لیے کی گئی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔ 

وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ   متوسط اور معاشی طور پر کمزورطبقے کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات شروع کریں جو درآمدی مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ مسلسل جاری عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے پر تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں جس نے پاکستان میں مہنگائی اور تجارتی خسارے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

 وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ مقامی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دسمبر سے کم ہو رہی ہیں جیسا کہ ایس پی آئی سے ظاہر ہوتا ہے  تاہم وہ پرامید ہیں کہ جیسے ہی بین الاقوامی سطح پر قیمتیں کم ہوں گی درآمدی اشیا پر دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے مجموعی طور پر ٹیکس وصولی، برآمدات اور ترسیلات زر پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں