فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد کی کار پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹیج اداکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ 2 روز قبل پیش آیا جس کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے کر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 20 جنوری کی رات مقامی تھیٹر کے ٹھیکیدار، فنکاروں نسیم وکی اور آغا ماجد کو لاہور چھوڑنے جارہے تھے کہ راجباہ روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
ملزمان کی جانب سے فائر کی گئی گولیوں میں سے ایک فائر گاڑی کی ڈگی پر اور دوسرا ٹائر میں لگا تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد فائرنگ سے محفوظ رہے جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریل بازار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سی پی او غلام مبشر میکن کے ساتھ فنکار نسیم وکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو نہیں جانتے، شاید کچھ لوگ فیصل آباد میں تھیٹر کی ترقی نہیں چاہتے۔
سی پی او فیصل آباد کا کہنا تھا کہ نسیم وکی سمیت تمام فنکاروں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کی جارہی ہے۔