اسلام آباد: اقوام متحدہ (یو این) نے سعودی اتحادی فورسز کے یمن کی جیل پر فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ انصاف کو یقینی بنانے کیلئے فوری طور پر موثر اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سعودی اتحادی فورسز کی جانب سے شمالی یمن کی ایک جیل پر فضائی حملے کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر مشتبہ ڈرون حملے اور سعودی شہروں پر بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فورسز نے یمن کے حوثیوں پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سعودی اتحادی فورسز نے یمن کے شہر صعدہ کی جیل پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 80 قیدیوں کی ہلاکت کی رپورٹس سامنے آئی ہیں جبکہ متعدد قیدی شدید زخمی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ نے یمن کی جیل پر سعودی اتحاد کی جانب سے کئے گئے فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ انصاف کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ فوری طور پر موثر اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صعدہ کی جس جیل پر حملہ کیا گیا اس میں مہاجرین کی بھی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، اس حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور ملبے سے مزید لاشیں نکالی جارہی ہیں۔