لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد کر لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے لاہورایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے 4 لاکھ 40 ہزار سعودی ریال برآمد کر لئے اور مسافر کو گرفتار کر کے اس کیخلاف منی لانڈرنگ قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ مسافر حسن علی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازسے دبئی جارہا تھا کہ بورڈنگ سے قبل تلاشی کے دوران مسافرکی جیکٹ سے غیرملکی کرنسی برآمدہوئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے باچہ خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی 9.9 کلو گرام 2 بیگوں میں لے جا رہے تھے کہ اے ایس ایف نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔