مہلک وائرس کے وار جاری ، مزید 12 اموات

 مہلک وائرس کے وار جاری ، مزید 12 اموات


اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس کے وار جاری ہیں، آج مزید 12 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی  تعداد 29 ہزار77ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھرمیں58 ہزار902کورونا ٹیسٹ کیے  گئے جن میں سے  6ہزار540 افراد میں  وائرس کی تصدیق ہوئی ،کورونا کے مثبت کیسز کی شرح11.10فیصد رہی،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر  کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی  مجموعی تعداد13 لاکھ 60ہزار19 ہو گئی۔کورونا سے متاثر ہ  ایک ہزار 55مریضوں کی حالت تشویشناک  اور آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے  کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہونے جا رہا ہے، جس کے مطابق مختلف گلیوں کو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی   رات بارہ بجے  سے سیل کردیا جائے گا ۔

علاوہ ازیں  این سی او سی کی طرف سے ایسے تمام تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں کورونا کی شرح زیادہ ہے ،صوبائی تعلیم اور صحت کے محکمے تعلیمی ادارے بند کرنے کے لیے کیسز کی شرح کا تعین کریں گے۔

این سی او سی کےمطابق آئندہ دو ہفتوں تک تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ ہوگی ،باالخصوص ان شہروں میں جن میں کیسز کی شرح زیادہ ہے ،ایسے تعلیمی ادارے جن میں کورونا کیسز کی شرح زیادہ ہونگے وہاں ایک ہفتے کیلئے تعلیمی ادارے بند کردئے جائیں گے ۔

اس حوالے سے  حتمی فیصلہ  صوبائی انتظامیہ   ضلعی   صحت  اور تعلیمی حکام کے مشاورت سے کرے گی،12 سال سے  زائد عمر کے طلبا کی سو فیصد ویکسینیشن بھی یقینی بنائی جائے گی ۔

واضح رہے  ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد کے  35  تعلیمی اداروں میں کورونا کے ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ،ایک روز میں  وفاقی دارالحکومت کے   12 تعلیمی اداروں میں مزید 50 کورونا کیسز سامنے آگئے ،محکمہ صحت نے مذکورہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

کورونا تعلیمی اداروں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لینے لگا ،ڈی ایچ او کے مطابق  وفاقی دارالحکومت کے   12 تعلیمی اداروں میں 50 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ،او پی ایف گرلز کالج ایف ایٹ ٹو میں کورونا کے 18 ،اسلام اباد ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹن فور میں کورونا کے 9 کیسز سامنے آگئے ۔