سابق الیکشن کمشنر کی وجہ سے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر ہوئی، وزیر اعظم 

11:20 PM, 22 Jan, 2021


 اسلام آبا د: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کا سب سے بڑا دشمن تھا جس کی وجہ سے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر ہوئی۔

نجی ٹی وی کو  انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہونی چاہیے۔  فارن فنڈنگ کیس میں خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہ کہتا۔ انہوں نے کہا کہ  سابق الیکشن کمشنر اپوزیشن کا لگایا ہوا تھا اور وہ پی ٹی آئی کا سب سے بڑا دشمن تھا، وہ پی ٹی آئی کے خلاف گیم کررہے تھے اس لیے کیس میں تاخیرہوئی، پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس بدنیتی پرمبنی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ براڈشیٹ پر ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، مشرف نے این آر او دیا۔ انہوں نے کہاکہ براڈ شیٹ نے نواز شریف کے 800 ملین ڈالرز کے اثاثے ڈھونڈ کر نکالے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ واقعی نوازشریف کے اثاثے تھے۔انہوں نے کہاکہ براڈ شیٹ معاملے پر انکوائری کمیٹی فیصلہ کرے گی، کمیٹی فیصلہ کرے گی براڈشیٹ معاملہ کیسے حل کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پر معاہدے کے تحت حکومت کو رقم دینا تھی، اگر پیمنٹ نہ کرتے تو ایک دن کا سود 5 ہزار پاؤنڈ دینا پڑتا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے پر کہا کہ بجلی کی قیمت اس لیے بڑھائی کہ ملک پر مزید قرضے نہیں چڑھا سکتے۔

مزیدخبریں