لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم والوں کے لطیفے بھی پھیکے پڑچکے ہیں ۔ ان کے استعفوں کی خالی پٹاری انہی کا منہ چڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا شوشہ بھی ان کے گلے کا طوق بن چکا ہے ۔ راجکماری ، شہزادہ اورمولانا فلاپ شو کر کے خود کو فریب دے رہے ہیں ۔ پی ڈی ایم کی اجڑی ہوئی بستی اپنی داستان خود بیان کر رہی ہے ـملک کے بدنام زمانہ راہزن اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی ترجمانی نڈر اور جرأتمند لیڈر عمران خان کر رہا ہے اورپنجاب میں دیانتدار اور عوامی وزیر اعلی عثمان بزدار موجود ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کے سامنے یہ ٹولہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں چوروں اور لٹیروں کی کوئی جگہ نہیں ۔ پاکستان میں صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولے نے کورونا کے باوجود اجتماع کر کے مرض میں اضافہ کیا۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے 714نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 151,603 ہو گئی ہے جبکہ24 گھنٹے میں کورونا کے25 مریض جاں بحق ہوئے۔ 24 گھنٹے کے دوران 16,635کورونا ٹیسٹ کئے گئے اورمجموعی طور پر پنجاب میں 2,757,509 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔