کراچی : وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہناہے کہ اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس ہوا جس میں یکم فروری سے پرائمری ، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امتحانات کے شیڈول اور سلیبس سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ۔
اس موقع پر سعیدغنی کا کہناتھا کہ کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے ، چاہے امتحانات کوری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے ، ہمیں غیر معمولی حالات کو مد نظر رکھ کر غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہمارا تعلیمی شیڈول کے مطابق آنے میں وقت لگے گا، نئے تعلیمی سال سے متعلق بھی حالات کو دیکھ کر ہمیں پلان کرنا ہوگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایجوکیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی صورتحال پر گفتگو کی اور اتفاق ہوا کہ ہمیں امتحآنات جلد بازی میں نہیں لینے چائیں ۔
یقینی بنایا جائے کہ ساٹھ فیصد نصاب بہتر پڑھایا جائے ، تعلیمی و امتحانی شیڈول کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، جو ایک ہفتے میں رواں برس اور اگلے برس کا تعلیمی شیڈول بنا کر دے گی ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پچاس فیصد بچے آیا کریں گے اور تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
سعید غنی کا کہناتھاکہ نصاب کم کرنے کے باوجود نصاب نہ پڑھایا جاسکے تو یہ زیادتی ہوگی ، اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔