اپوزیشن نے براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس(ر)عظمت سعید کی تقرری کو مسترد کردیا

12:22 PM, 22 Jan, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے براڈ شیٹ سکینڈل کی تحقیقات کے لئے جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کر دی ، کہا جن سے تحقیقات ہونی چاہیے، انہیں سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے۔ عمران صاحب ہمت کرکے قوم کو سیدھا بتائیں کہ آپ کو این آر او چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سے ہی تحقیقات کرانا، براڈ شیٹ سے بڑا فراڈ ہے۔ جسٹس (ر) عظمت سعید متنازعہ شخصیت اور معاہدہ کرنے والوں میں شامل تھے ۔ بدنام زمانہ براڈ شیٹ کے ساتھ نیب کے معاہدے پر دستخط کے وقت شیخ عظمت سعید ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب اور سینیئر قانونی عہدے پر فائز تھے ۔ عمران صاحب نے ثابت کر دیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے نیچے کوئی بھی شفاف ، آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقرری دراصل عمران صاحب اور ان کی حکومت کی بدنیتی ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سے کرائی جانے والی تحقیقات شفاف اور منصفانہ کیسے ہوسکتی ہیں؟ یہ معاہدہ ہی پاکستانی عوام کو پہنچنے والے 10 ارب روپے کے نقصان کی وجہ بنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کے مارشل لاء کے دوران بطور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب شیخ عظمت سعید شریف خاندان بالخصوص نواز کے خلاف مقدمات بنانے پر مامور تھے۔

مزیدخبریں