نیو دہلی: بھارت میں کسانوں کے احتجاج میں شدت آگئی ہے ، 26 جنوری کو دہلی کی طرف ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئیں ہیں۔ خوف کا شکار مودی سرکار نے ہریانہ پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ہیں۔
یاد رہے کہ کسانوں نے 26 جنوری کو بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر ٹریکٹر مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ متنازعہ قوانیں کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی کسان 26 نومبر سے مسلسل متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔ مظاہروں کے دوران اب تک 70 سے زائد کسان اپنی جانیں دے چکے ہیں۔
ادھر بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر عالمی رہنماؤں نے شرکت سے انکار کر دیا ہے اور 55 سال میں پہلی مرتبہ کوئی بھی غیر ملکی صدر یا وزیراعظم یوم جمہوریہ میں شریک نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے انکار کے بعد مودی سرکار نے یوم جمہوریہ پر کسی بھی غیر ملکی رہنما کو مہمان خصوصی کے طور پر نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مودی حکومت اپنی ناکامیوں اور اس بے عزتی کو چھپانے کے لیے عالمی وبا کو بہانہ بنا کر اپنی عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے ۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی دعوت کو ٹھکرا دیا ہے۔