واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے پر کانگریس میں کارروائی کا آغاز ہو گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس جان رابرٹس کی سربراہی میں ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہفتے کے 6 روز چلنے اور جنوری کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
مواخذے کی کارروائی کے آغاز میں ہی ریپبلکنز نے دستاویزات اور شواہد حاصل کرنے سے متعلق ڈیموکریٹس کی تین تحریکیں مسترد کر دیں۔
تحاریک وائٹ ہاؤس، محکمہ خارجہ اور مینجمنٹ اینڈ بجٹ آفس سے دستاویزات اور شواہد حا صل کرنے سے متعلق تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ میں کارروائی ٹرمپ کے حق میں جاتی دکھائی دے رہی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مواخذے کو مذاق اور دھو کا قرار دیا ہے جب کہ ٹرمپ کے وکیل نے مواخذے کے الزاما ت کو "مضحکہ خیز" اور "خطرناک" قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ایک سروے کے مطابق 45 فی صد امریکیوں کی رائے ہے کہ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹا دینا چاہیے جب کہ 31 فی صد الزامات خا رج کرنے کے حق میں ہیں۔