لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پہنچا دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو پی آئی سی ڈاکٹرز کے ہمراہ سابق وزیراعظم کا چیک اپ کریں گے اور اسپتال انتظامیہ کے مطابق نواز شریف کے ممکنہ دو ٹیسٹ کیلئے ایکو اور تھیلم اسکین مشینیں تیار کر لی گئیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسپتال آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی وارڈز کے داخلی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے جب کہ مریضوں کے لواحقین کو وارڈ سے باہر نکال دیا گیا اور مریضوں کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ میں پہلے کہہ چکی ہوں کہ میاں نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور انہیں کل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا جا رہا ہے لیکن مجھے اور ہماری فیملی کو اس حوالے سے آگاہ تک نہیں کیا گیا۔