اپوزیشن اتحاد سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، شیخ رشید 

12:09 AM, 22 Jan, 2019

لاہور :وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی گندگی صاف کرنے کیلئے فوج نے عمران خان کو مکمل فری ہینڈ دیدیا ہے ،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری کے بڑے معترف ہیں۔ 

 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بھی محاذ آرائی کی بند گلی میں نہ جانے پر راضی کر لیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کبھی فوجی عدالتوں کی توسیع کیخلاف ووٹ دینے کی جرات نہیں کرینگی ،اپوزیشن اتحاد سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔


 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کو بچانے کیلئے متحدہ ہوئے ہیں اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ، شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کا مجھے کیوں نکالا والا بیانیہ بھی کسی مصلحت کے تحت ختم ہو گیا ،شہباز شریف نے نوا ز شریف کو بند گلی کا راستہ بدلنے پر راضی کر لیا ہے ،نواز شریف کو سزا پر پورے گوالمنڈی میں ایک ٹائر تک نہیں جلا یا گیا .

جس کے بعد انہیں اپنی عوامی طاقت کا انداز ہ ہو گیا تھا ،زرداری کی کرپشن سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کبھی سوچا نہیں ہو گا کہ فالودے والے کے اکاﺅنٹ کا بھانڈا بھی پھوٹ جائیگا ۔

شیخ رشید نے اہم انکشاف کیا کہ تمام اداروں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک سے گند صاف ہونا چاہیے ، گند صاف کرنے کیلئے تمام ادارےعمران خان کیےساتھ ہیں اور فوج نے سیاسی فضلے کو ٹھکانے لگانے کیلئے عمران خان کو مکمل فری ہینڈ دے رکھا ہےلیکن عمران خان شریف آدمی ہیں وہ دونوں جماعتوں میں کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں کر رہے۔

تاہم فوج تمام فیصلوں میں عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے ۔

مزیدخبریں