اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع انجینئرخرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ اپنی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ہمارے فوجیوں اور شہریوں کی شہادت نے قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط بنا دیا ہے، پاک فوج دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر دفاع نے یہ بات پیر کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر دفاع نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر اگلے مورچوں کا دورہ کرکے جوانوں سے ملاقات کی اور مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کے مورال کو سراہا۔وزیر دفاع نے کہا کہ اپنی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ خرم دستگیر خان نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری قابل مذمت ہے، 2017ء میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ کور کمانڈر راولپنڈی اور جی او سی نے وزیر دفاع کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق آ گاہ کیا۔