ممبئی : زائرہ وسیم کو حال ہی میں جموں و کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات پر تنقید کا نشانہ بنائے جانے اور وزیر کھیل وجے گوئل کے ساتھ ’جنگ‘ شروع کرنے پر صارفین کے عتاب کے شکار کے بعد اب ان کے خلاف مظاہرے بھی شروع ہو گئے ہیں اور مظاہرین نے انہیں ”قتل“ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
زائرہ وسیم کو حال ہی میں جموں و کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر کھیل وجے گوئل کے ساتھ ’جنگ‘ شروع کرنے پر بھی وہ صارفین کے عتاب کا شکار ہوئیں۔
اس تمام تر معاملے کے بعد نقاب پوش افراد کی جانب سے احتجاج شروع کر دیا گیا ہے اور زائرہ وسیم کے پوسٹر جلائے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ” تمہیں مار دینا ہی تمہارے ساتھ انصاف ہے۔“ فلم دنگل میں ریسلر گیتا کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی وسیم زائرہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں محبوبہ مفتی سے ملاقات کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہونے پر معافی مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ” وہ تمام لوگ جنہیں میں نے غیر ارادی طور پر دکھ پہنچایا، انہیں یہ بتانا چاہتی ہوں میں اس سب کے پیچھے ان کے جذبات کو سمجھتی ہوں، بالخصوص گزشتہ 6 سے 7 ماہ کے دوران ہونے والے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اچھی طرح سمجھ سکتی ہوں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ”مجھے امید ہے کہ لوگ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ بعض ایسے حالات بھی ابھر کر سامنے آئے ہیں جنہیں کوئی کنٹرول نہیں کر سکتا اور مجھے امید ہے کہ لوگوں کو اب بھی یہ یاد ہے کہ میں صرف 16 سال کی لڑکی ہوں اور آپ میرے ساتھ ایسے ہی سلوک کریں گے۔ میں نے جو کیااس پر معافی مانگتی ہوں لیکن یہ فیصلہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا تھا اور مجھے واقعی یہ امید ہے کہ لوگ مجھے معاف کر سکتے ہیں۔