حیدرآباد: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پورا صوبہ مسائل سے بھرا ہوا ہے اور سندھ کے جاگیرداروں اور وڈیروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اس لئے عوام کے حقوق کے حصول کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔
حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر شہرمیں جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کے مسائل بڑھ رہے ہیں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اختیار بھی صوبائی حکومت کے پاس چلاگیا اورجگہ جگہ بڑی بڑی عمارتیں بن رہی ہیں جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جب کہ سندھ کے وڈیروں اورجاگیرداروں کے کانوں پرجوں نہیں رینگ رہی، اب ہم سندھ کے شہروں اور شہری عوام کا ایک مقدمہ تیار کرکے دو تین محاذوں پر فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے جلسے اور دھرنے دیئے جائیں گے ہمارا دھرنا کئی گھنٹوں کا بھی ہوسکتا ہے اورکئی دنوں کا بھی ہوسکتا ہے کراچی کے دھرنوں میں نواب شاہ، لاڑکانہ کے عوام بھی ہوں گے مقالمے اور بات چیت سے مسئلہ حل نہیں ہوا تو فروری میں جلسے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی آج بھی ایم کیو ایم کا ہے اور کل بھی رہے گا لیکن ہمارا ایجنڈا تمام پاکستانیوں کو ایک قوم بنانا ہے ہم سب کے حقوق کی بات کریں گے۔