ممبئی: بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ کی تشہیر کے لیے ٹرین کا انتخاب کیا ہے اور وہ ممبئی سے دہلی لوکل ٹرین میں سفر کریں گے۔
بالی ووڈ میں فلموں کی تکمیل کے بعد پروموشن بھی اہمیت رکھتا ہے اور اداکار اپنی فلموں کی تشہیر کے لیے انوکھے انداز اپناتے ہیں لیکن اس بار کنگ خان نے بھی اپنی فلم کے لیے انوکھی مہم شروع کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’رئیس‘‘ کی تشہیر کے لیے انوکھی مہم شروع کرنے والے ہیں اور انہوں نے فلم کی پروموشن کے لیے ٹرین کا سفرکرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کنگ خان فلم کے ہدایتکار راہول ڈھولکیا اورپروڈیوسر رتیش سدھوانی کے ہمراہ 23 جنوری کو اگست کرانتی راجدھانی ایکسپریس کے ذریعے ممبئی سے دہلی جائیں گے اور ٹرین میں عام مسافروں کے ساتھ گھل مل سفر کریں گے۔
دوسری جانب شاہ رخ نے بھی کہا ہے کہ فلمی کیریئر کے اوائل میں متعدد بار دہلی سے ممبئی بذریعہ ٹرین آنا جانا لگارہا لیکن اب 25 سالہ فلمی کیرئیر میں یہ سفرمیرے لیے سب سے زیادہ یادگار ہے۔
فلم’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان، ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم 25 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔