ممبئی: مودی حکومت کی سکھ دشمنی کا نیا پہلو اُس وقت سامنے آیا جب امریکہ سے جلاوطن بھارتیوں کے طیاروں کو غیر قانونی طور پر امرتسر میں اتار کر سکھوں کی عزت کو پامال کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسی کے نتیجے میں بھارت کے 332 شہریوں کو اب تک ملک بدر کیا جا چکا ہے، اور یہ کریک ڈاؤن 5 فروری 2025 کے بعد تین پروازوں کی صورت میں بھارت پہنچا ہے۔ ان پروازوں میں جلاوطن افراد کو زنجیروں اور ہتھکڑیوں سے باندھا گیا، اور سکھ جلاوطن افراد کی پگڑیاں اُتروا کر انہیں مزید تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔
مودی سرکار کی جانب سے سکھوں کے مقدس شہر امرتسر میں ان جلاوطن افراد کو اتارنے کا مقصد سکھ کمیونٹی کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا، جس پر پنجاب اور سکھوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ سکھ رہنماؤں نے اس اقدام کو مودی کی ایک سازش قرار دیا، جس کا مقصد سکھوں کے خلاف نفرت اور تعصب کو بڑھانا ہے۔
بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جلاوطن افراد کو اتار کر بی جے پی نے ریاست کی عزت کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھارت میں سینکڑوں ایئرپورٹس ہونے کے باوجود پنجاب میں جلاوطن بھارتیوں کو کیوں اتارا گیا؟