ادویات کی قیمتوں کے تعین کا   نگران پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن معطل

11:47 AM, 22 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:  لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا   نگران پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔

 
گزشتہ روز  محمد اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں  وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

شہری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں، عوامی اور جمہوری حکومت آنے والی ہے یہ اقدام وہ کر سکتی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ موجودہ نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے منافی ہے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک اسے معطل کرنے کا حکم دے۔

آج ہونیوالی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے نگران صوبائی حکومت سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔

مزیدخبریں