ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
کپتان محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے جبکہ شان مسعود نے 51 اور ریلی روسو نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عمر نے 4 اوورز میں 44 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ جیمز وینس نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ دیگر بلے بازوں میں میتھیو ویڈ 20، حیدر علی 12، شعیب ملک 13، عماد وسیم 46، بین کٹنگ 12 اور عرفان خان 1 سکور بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 55 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اسامہ میر اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھ ویٹ، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد الیاس اور احسان اللہ شامل تھے۔
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو ویڈ، جیمز وینس، حیدر علی، شعیب ملک، بین کٹنگ، عرفان خان، عامر یامین، محمد عمر، عمران طاہر اور عاکف جاوید شامل تھے۔
ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دیدی
11:20 PM, 22 Feb, 2023