کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ بارکھان واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ اس معاملے میں حقائق جلد منظرعام پر لانے کیلئے آئی جی پولیس خود تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان بلوچستان پولیس نے مزید کہا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، اس معاملے میں بااثر شخصیات بھی ملوث پائی گئیں تو قانون کا یکساں نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان پولیس کی خصوصی ٹیم خفیہ اطلاعات پر بارکھان واقعے کے مغویوں کی بازیابی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع بارکھان کے نواحی علاقے میں کنویں سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں ملی تھیں، پولیس کے مطابق مرنے و الے افراد کی عمریں 20 سے 25 سال کے لگ بھگ ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ بارکھان میں نامعلوم افراد کے خلاف 302، 201،34 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔